گرداس پور، یکم اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )دینانگر کے گھیسل گاؤں میں دو بیلون ملے ہیں، جن پر مبینہ طور پر وزیر اعظم نریندر مودی کے نام سے اردو زبان میں ایک پیغام لکھا ہوا ہے۔غور طلب ہے کہ دینانگر میں گزشتہ سال دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا۔پولیس کو جو پیغام ملا، وہ پیلے رنگ کے بیلون پر چپکائے گئے کاغذ کے ایک ٹکڑے پر لکھا ہے۔پیغام میں لکھا گیا ہے کہ مودی جی، ایوبی کی تلواریں ابھی ہمارے پاس ہیں، اسلام زندہ باد۔کل گاؤں کے ایک آدمی کو اپنے گھر کے پاس یہ بیلون ملے اور جب اس نے دیکھا کہ پیغام اردو میں لکھے گئے ہیں تو اس نے اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔قابل ذکر ہے کہ پنجاب کے وزیر اعلی پرکاش سنگھ بادل پاک مقبوضہ کشمیر میں حالیہ کئے گئے ہندوستان کے سرجیکل حملے کے بعد پڑوسی ملک کے ممکنہ جوابی حملے کے پیش نظر سرحد سے متصل گاؤں سے نقل مکانی کرنے والے لوگوں کے لیے کئے گئے انتظامات کی نگرانی کے لیے آج گرداس پور اور پٹھان کوٹ اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں۔جولائی میں پولیس نے دینانگر کے جھنڈے چک گاؤں کے پاس سے ایک بیلون برآمد کیا تھا۔اس پر پاکستانی پرچم کی تصویر بنائی گئی تھی اور ساتھ ہی لکھا تھا ’میں پاکستان سے محبت کرتا ہوں‘۔گزشتہ سال گرداس پور ضلع کے دینانگر شہر میں فوج کی وردی میں بھاری ہتھیاروں سے لیس تین دہشت گردوں نے ایک تھانے پر حملہ کر دیا تھا۔حملے میں ایک پولیس اہلکار سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے تھے ، حالانکہ دن بھر چلی مہم میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو مار گرایا تھا۔